ابو ظہبی(ملک مصطفٰی سے ) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ کچھ عرصے سے عجیب و غریب وجوہات کی بناء پر طلاق لیے جانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ حال ہی میں مقامی عدالت میں عرب لڑکی کی جانب سے خاوند سے طلاق مانگنے کا ایسا معاملہ سامنا آیا جس نے سب کو حیرانی میں ڈال دیا۔ خاتون نے اپنے خاوند سے اس لیے طلاق مانگی کہ وہ اُس کے لیے برگر لانا بھُول گیا تھا۔
تفصیلات کے ایک بائیس تئیس سال کی لڑکی کا اپنے ہم وطن عرب لڑکے سے بیاہ ہوا تھا۔ وقوعے کے روز خاوند اپنے چند دوستوں کے ساتھ صحرا کی سیر پر گیا۔ بیوی نے اُسے فون کر کے فرمائش کی کہ وہ رات کو واپسی پر اُس کے لیے مشہور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ سے برگر لیتا آئے۔ خاوند رات دیر تک اپنے دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف رہا، جب وہ گھر واپس جانے کے لیے اُٹھا تو رات کے دو بج چُکے تھے۔
خاوند رات کے تین بجے گھر پہنچا تو اُس کی بیوی نے برگر کے بارے میں پُوچھا۔ خاوند کو یاد آیا کہ وہ اُس کے لیے برگر لانا بھُول گیا ہے۔ خاوند نے اُسے کہا کہ اُسے برگر لانا یاد نہیں رہا۔ اس بات پر بیوی کو شدید غصّہ آیا۔ دونوں کے درمیان تلخ کلامی اتنی بڑھی کہ بیوی نے اُس سے اُسی وقت طلاق کا مطالبہ کر دیا۔ معاملہ عدالت جا پہنچا تو بیوی خلع کے مطالبے پر ڈٹی رہی۔ جس پر عدالت نے خلع کا فیصلہ جاری کر دیا تاہم جج کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد میاں بیوی کو ازدواجی زندگی کی حقیقتوں کا سامنا کرنا چاہیے اور معمولی باتوں کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔
0 تبصرے:
ایک تبصرہ شائع کریں